تھانے ، 30 جولائی ؛مہاراشٹر میں تھانے سے شیوسینا کے رکنِ اسمبلی پرتاپ سرنایک نے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات عائد کرنے کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق رکنِ پارلیمنٹ کریٹ سومائیہ کے خلاف 100 کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔
مسٹر سرنایک نے جمعرات کے روز ایک باضابطہ بیان جاری کر کے کہا کہ مسٹر سومائیہ گزشتہ کئی مہینوں سے میرے خلاف مختلف الزامات لگارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کی جانب سے لگائے گئے الزامات نہ صرف بے بنیاد اور غیر ذمہ دار ہیں بلکہ اس سے ان کی (مسٹر سرنایک) کی توہین بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر سومائیہ میرے خلاف میڈیا میں بیانات دینے کے علاوہ بینر لگانے سمیت دیگر بدنیتی پر مبنی تکنیک کا استعمال کرنے میں بھی ملوث تھے۔ شیو سینا کے رکن اسمبلی سرنایک نے کہا کہ مسٹر سومائیہ کی بیوی کوسٹل ریگولیشن زون (سی آر زیڈ) کی زمین پر بیت الخلاء کی تعمیر اور فرضی طریقوں سے پیسے وصول کرنے میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ میں نے مسٹر سومائیہ کی اہلیہ کی جعلسازی کا پردہ فاش کیا ہے اور حکومت نے اس معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے ، اسی وجہ سے مسٹر سومائیہ ناراض ہیں اور میرے جھوٹے الزامات لگارہے ہیں۔
مسٹر سرنائک نے کہا کہ انہوں نے (مسٹر سرنایک) مجوزہ مقدمے کا نوٹس دینے سمیت تمام قانونی طریقہ کار پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مخصوص دیوانی مقدمہ تھانے عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔