سری نگر، 8 اگست؛قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کو جموں و کشمیر کے کم از کم ایک درجن اضلاع میں زائد از تین درجن مقامات پر چھاپے مارے۔یہ چھاپے کالعدم تنظیم جماعت اسلامی جموں و کشمیر سے وابستہ افراد کے گھروں پر مارے گئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق این آئی اے کی ٹیموں نے اتوار کی صبح جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ہمراہ مختلف اضلاع میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے۔
یہ چھاپہ مار کارروائیاں جن اضلاع میں انجام دی گئی ہیں ان میں سری نگر، بڈگام، گاندربل، بارہمولہ، بانڈی پورہ، کپوارہ، اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، ڈوڈہ، رام بن، کشتواڑ اور راجوری اضلاع شامل ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں کی انجام دہی کے لئے این آئی اے کی ایک ٹیم ڈی آئی جی رینک کے ایک افسر کی قیادت میں پہلے ہی سری نگر بھیجی گئی تھی۔
بتا دیں کہ مرکزی حکومت نے 2019 میں جماعت اسلامی جموں و کشمیر پر پانچ سالہ پابندی لگا دی۔ اس پر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
جماعت اسلامی پر پابندی لگانے کے اقدام کی وادی کشمیر کی تقریباً تمام سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں نے مذمت کی تھی۔ جماعت نے پانچ سالہ پابندی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔