نئی دہلی ، 25 اگست؛ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے ایک بار پھر دیسی ساختہ ہلکے جنگی طیارہ تیجس کو اڑاکر اس کے آپریشنل اورفائر پاورکا جائزہ لیا ہے۔
ملک کے اہم دفاعی ادارہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کا بنایا ہوا تیجس طیارہ پہلے ہی سے ہندوستانی فضائیہ کے بیڑے میں شامل ہے اور اب اس کا بہتر ورژن تیار کیاجا رہا ہے۔
ایئر چیف مارشل نے منگل اور بدھ کو بنگلور کے دو روزہ دورے کے دوران فضائیہ کے مختلف یونٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) اور ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل ) کے کچھ مراکز کا بھی دورہ کیا۔
آئی اے ایف حکام نے ائیر چیف مارشل کو مختلف منصوبوں اور آپریشنل ٹرائلز کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے طیاروں کی جانچ سے متعلق اداروں کو درپیش چیلنجوں کے تناظر میں کئے جانے والے کام کی ستائش کی اور ان سے کہا کہ وہ بدلتی ہوئی ضروریات کو اپنائیں۔
ایئر چیف مارشل نے طیاروں سے متعلق سافٹ وئیر کی ترقی کے مراکز کا بھی دورہ کیا۔ سافٹ وئیر کے میدان میں مقامی آلات کے استعمال، لڑاکا طیاروں میں مختلف ہتھیاروں کے سسٹم کے انضمام اور طیاروں کی فائر پاور کو بڑھانے کی طرف کام کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ایچ اے ایل انجینئروں سے بھی ملاقات کی اور ائیر فورس کے مستقبل کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا۔
بعد میں انہوں نے تیجس لڑاکا طیارے میں بھی اڑان بھری۔