ممبئی : بالی وڈ اداکارہ لارا دتہ فلمی کیریئر کی دوسری اننگز کھیلنے کے لیے دوبارہ متحرک ہوگئیں،فلم ’’انٹری‘‘ اور ’’بلیو‘‘ کے سیکوئل میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔مس یونیورس کا اعزاز حاصل کرنیوالی ماڈل واداکارہ 16اپریل 1978ء کو ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئیں اس کے والد کے ایل دتہ فوج میں ونگ کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہے، لارادتہ کی دو بڑی بہنیں صبرینہ اور چیری ہیں جن میں سے صبرینہ انڈین ائیر فورس میں ملازمت کر رہی ہیں۔دتہ نے ابتدائی تعلیم بنگلور سینٹ فرانسس گرلز ہائی اسکول اور فرینک انتھونی پبلک اسکول میں حاصل کی جب کہ گریجوایٹ کی ڈگری یونیورسٹی ا?ف ممبئی سے لی۔ماڈل واداکارہ لارادتہ اردو ،انگلش کے علاوہ پنجابی ، کناڈا اور فرنچ بھی روانی سے بول سکتی ہے۔ اداکارہ نے پہلی فلم 2002ء میں تامل Arasatchiسائن کی تھی مگر مالی معاملات کی وجہ سے یہ 2004ء میں ریلیز ہوئی تھی۔پہلی ہندی فلم 2003ء میں ’’انداز‘‘ سائن کی جس میں انھوں نے سپراسٹار اکشے کمار اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا۔ پہلی ہی فلم باکس آفس پر کامیاب ہوگئی جس پر انھیں Debut بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ مل گیا۔ اس کے بعد بوبی دیول کے ساتھ ’’برداشت‘‘ کی جو باکس آفس پر ناکام رہی ،پھر ’’آن‘‘، ’’ انسان ‘‘ ، ’’ اعلان‘‘ اور ’’جرم ‘‘ جیسی فلمیں اوپر تلے فلاپ ہوگئیں جن میں ان کے مقابل اکشے کمار ، سنجے دت ، بوبی دیول اور اجے دیوگن نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ان فلموں کی ناکامیوں نے لارادتہ کے فلمی کیریئر پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا مگر 2004ء میں کامیاب کامیڈی اور میوزیکل فلم ’’مستی‘‘ نے اسے نئی زندگی دیدی۔ جس میں اجے دیوگن ، ویوک اوبرائے، رتیش دیش مکھ، آفتاب شیودانی، امریتا راؤ، تارا شرما ، جیلنا ڈی سوزاکاسٹ میں شامل تھے۔2005ء میںبھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ مقبول پروگرام ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ سیزن ٹو میں حصہ لیا۔ اسی سال یش جوہر اور شاہ رخ خان کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’کال‘‘ ریلیز ہوئی۔ اسی سال کی میگا ہٹ فلم ’’نوانٹری‘‘ نے لارا دتہ کو کامیاب اداکاراؤں کی صف میں لا کھڑا کیا۔پھر اکشے کمار اور بوبی دیول کے ساتھ ’’دوستی‘‘ ریلیز ہوئی جس نے بیرون ممالک میں اچھا بزنس کیا۔ سال 2006ء بھی اداکارہ کے لیے اچھا ثابت ہوا جس میں اکشے کمار اور گوندا کے ساتھ سپرہٹ فلم ’’ بھاگم بھاگ‘‘ اور 2007 میں شاد علی کی ’’جھوم برابر جھوم‘‘ باکس آفس پر فلاپ ہوگئی، فلم کو کامیاب کرانے کے لیے ابھشیک بچن ، پرینتی چوپڑا ، بوبی دیول اور لارادتہ کے علاوہ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کو بھی شامل کیا گیا تھا دوسری فلم ’’پارٹنر‘‘ باکس آفس پر چھا گئی جس میں انھوں نے دبنگ خان سلمان خان کے مقابل مرکزی کردار نبھایا تھا۔2008ء میں کوئی بڑی فلم ریلیز نہ ہوئی البتہ 2009 ء میں بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم ’’بلیو‘‘ ریلیز ہوئی سنجے دت اور اکشے کمار کے ساتھ ’’بلیو‘‘ ریلیز ہوئی مگر اس کا جادو نہ چل سکا۔ ’’ڈوناٹ ڈسٹرب‘‘ نے کسی حد تک باکس آفس پر فلم بینوں کی توجہ حاصل کرسکی۔ 2010 ء میں ساجد خان نے سپرہٹ فلم’’ہاؤس فل‘‘ میں ریتش دیش مکھ کے مقابل ہیروئن کاسٹ کرلیا جس کی دیگر کاسٹ میں اکشے کمار ، دیپکا پڈوکون ، جیا خان ، چنکی پانڈے اور ارجن رام پال شامل تھے۔ 2011ء میں بطور پروڈیوسر ’’چلو دہلی‘‘ بنائی، جو کامیاب رہی۔پھر اس نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’’ڈان ٹو‘‘ میں آئٹم نمبر کے ساتھ انٹری دی۔سال رواں میں فلم انٹری کا’’نو انٹری میں انٹری‘‘ اور ’’بلیو‘‘ کا سیکویل’’آسمان‘‘ میں پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہونگی اس کے علاوہ ’’پارٹنر ٹو‘‘ میں بھی ان کی آمد متوقع ہے جب کہ سال 2015ء میں ’’ بندہ یا بندداس ہے‘‘ کے ریلیز ہونے کے امکانات ہیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد فلمی کیریئر میں تعطل ضرور پیدا ہوا ہے مگر اب دوبارہ سے متحرک ہوگئی ہوں۔ مذکورہ فلموں کے علاوہ اپنی ہوم پروڈکشن کی کامیاب فلم ’’چلو دہلی‘‘ کا سیکوئل ’’چلو چائینہ‘‘ بنانے کا ارادہ ہے جس کے لیے اسکرپٹ سمیت دیگر کاموں کو مکمل کرنے میں لگی ہوئی ہوں۔لارادتہ نے کہا کہ شادی شدہ زندگی سے بھرپور لطف اندوز ہورہی ہوں اور جہاں تک فلمی سرگرمیوں کی بات ہے تو انھیں اپنے گھریلو زندگی پر اثرانداز نہیں ہونے دینا چاہتی اسی لیے کم مگر معیاری پراجیکٹ ہی میں نظر آنا چاہتی ہوں۔بالی وڈ نے مجھے عزت ، شہرت وہ سب کچھ دیا ہے جس ایک کامیاب انسان خواہش کرتا ہے اور میں اپنی ان کامیابیوں کو دیکھ کر دلی طور پر خوشی ہوتی ہے اور میں چاہتی ہوں کہ بالی وڈ اور فلم بینوں نے مجھے جو عزت واحترام اور مقام دیا ہے اس کو آخری سانس تک برقرار رکھوں۔