نئی دہلی ، 16 ستمبر (؛ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سنٹرل وسٹا پروجیکٹ پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے صرف گمراہ کرنے کی کوشش کی اور سینکڑوں سال پرانی اور خستہ حال ہٹ مینٹس اور بیرکوں میں کام کرنے والے فوجی افسران کی پریشانیوں پر خاموشی اختیار کئے رکھی ۔
جمعرات کو یہاں وزارت دفاع کے کستوربہ گاندھی مارگ اور افریقہ ایونیو میں دو نئے تعمیر شدہ آفس کمپلیکس کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں مسٹرمودی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس پروجیکٹ کی مخالفت صرف گمراہ کرنے اور حقائق اور ضروریات کو نظر انداز کرنے کے لیے کی۔
انہوں نے کہا ’’وہ لوگ جو سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کے پیچھے ڈنڈا لے کر پڑے تھے وہ ہٹ مینٹس پر خاموش رہے۔ وہ صرف الجھن پھیلا رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کے تحت بننے والی ان دو عمارتوں کو دیکھ کر ملک سمجھ جائے گا کہ حکومت کس مقصد کے لیے کام کر رہی ہے۔
سابقہ حکومتوں کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نے ان خستہ حال ہٹ مینٹس پر توجہ نہیں دی اور ہر کوئی ان کی مرمت اور پینٹنگ وغیرہ کرکے کام کرتا رہا۔ میڈیا سے بھی سوال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا نے کبھی بھی ان مشکلات اور حالات کے بارے میں نہیں لکھا جن کے تحت ہمارے فوجی افسران خستہ حال عمارت میں کام کر رہے ہیں۔