کابل:ب ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی علیحدہ کلاسز اور اساتذہ کا انتطام مکمل ہوتے ہی بچیوں کے لیے بھی اسکول کھول دیئے جائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں ہیں اور شرعی حدود میں رہتے ہوئے تعلیم کی اجازت بھی دیں گے۔
ترجمان طالبان نے لڑکیوں کے اسکول جانے پر تاحال عائد پابندی سے متعلق کہا کہ ابھی علیحدہ کلاسز اور اساتذہ کا انتظام کیا جارہا ہے، اس عمل کے مکمل ہوتے ہی ملک میں لڑکیوں کے لیے بھی اسکول کھول دیئے جائیں گے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ انتظامات مکمل ہونے اور لڑکیوں کے لیے اسکول جانے کے آغاز کی تفصیلات سے میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا تب تک میڈیا سے گزارش ہے کہ منفی رپورٹنگ سے پرہیز کریں۔