نیویارک ، 25 ستمبر ؛ہندوستان نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے سامنے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے پاکستان کو ’فائر فائٹر کے بھیس میں آگ لگانے والا‘ اور ایک ایسا ملک قرار دیا ہے جو اپنی زمین پردہشت گردی کوحکومتی پالیسی کے تحت تحفظ فراہم کرتا ہے ، جس سے پورے خطے اور دنیا بھر کے ممالک متاثرہیں۔
یواین مشن میں ہندوستان کی فرسٹ سکریٹری سنیہا دوبے نے یو این جی اے میں جواب دینے کے حق کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کواقتدار کی سرپرستی حاصل ہے ۔ پوری دنیا کو پاکستان کی پالیسیوں کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے کیونکہ پاکستان مسلسل دہشت گردوں کی حمایت کرتا آرہا ہے ۔ انہوں نے زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو یہ بھی یاد دلایا کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو پاکستان نے ہی پناہ دی تھی۔
محترمہ دوبے نے کہا ’’دنیا یہ نہیں بھولی کہ کئی خوفناک واقعات کےماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کو پاکستان میں پناہ ملی تھی ۔ پاکستانی قیادت اب بھی اسامہ کی شہید کے طور پردیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ افسوس کی بات ہے کہ آج بھی ہم نے پاکستان کے رہنما کودہشت گردانہ کارروائیاں کو جائز ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہوئے سنا ۔ دہشت گردی کا اس طرح دفاع کیا جانا جدید دنیا میں ناقابل قبول ہے‘‘۔