فیض آباد۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے شہر نائب صدر جگدیش یادو نے ایک بیان میںالزام عائد کیا ہے کہ ملک کے کسانوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کے لوگوں کو بی جے پی اور مودی دونوں سے پرہیز کرنا چاہئے۔یہ اقتدار میں آنے کے بعد کبھی کسانوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کے مفاد میں کوئی پالیسی نہیں
بناتے بلکہ سرمایہ داروںکے سرمایہ میں اضافہ کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گجرات جہاں مودی وزیر اعلیٰ ہیں وہاں کسانوِں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کی حالت بدتر ہے۔ کسانوں کی بیش قیمتی زمینوں کو بڑے بڑے صنعت کاروں کو مٹی کے بھاؤ قبضہ کروا دے رہے ہیں۔ غریبوں کی تعداد ظاہر نہ ہو اس لئے گجرا ت میں خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کابی پی ایل راشن کارڈ ہی نہیں بنایا جاتا، کسان ہمیشہ خوفزدہ رہتا ہے کہ کہیں اس کی کھیتی کی زمین پر کسی سرمایہ دار کی نظر نہ پڑ جائے۔ سماج وادی پارٹی رہنما نے کہا کہ اس بار کسی بھی ریلی میں ’رام للا ہم آئیںگے مندر یہیں بنائیں گے‘ کی بات بی جے پی کے رہنما نہیں کہہ رہے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ۹۰ کی دہائی میں خوب قسمیں کھائی تھیں اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے لیکن اقتدارمیں آنے کیلئے اس مندر کے موضوع کو ہی الگ کر دیا تھا۔ سماج وادی پارٹی رہنما نے کہا کہ ۹۰ کی دہائی میں جب بی جے پی رام مندر تحریک کے بعد ملک اور ریاست میں اقتدار میں آئی توکوئی بھی ایسی پالیسی نہیں بنائی تھی جس سے کسانوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کو فائدہ حاصل ہو سکے۔