واشنگٹن ، 2 اکتوبر (یو این آئی/اسپوتنک)امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی ایڈوائزری کمیٹی 14-15 اکتوبر کو ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کورونا وائرس ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے ہنگامی استعمال کی منظوری دینے کا فیصلہ کرے گی۔
ایف ڈی اے نے جمعہ کو ایک پریس ریلیز میں کہا ’’ایڈوائزری کمیٹی (ویکسینز اور متعلقہ حیاتیاتی مصنوعات کی ایڈوائزری کمیٹی) ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی کووڈ ویکسین کی بوسٹر خوراکوں کے استعمال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے 14 اور 15 اکتوبر کو ملاقات کرے گی۔ دونوں ویکسین فی الحال 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد میں کورونا کی روک تھام کے لیے ہنگامی استعمال کے لیے مجاز ہیں‘‘۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایڈوائزری کمیٹی ابتدائی ویکسینیشن کے لیے استعمال ہونے والی ویکسین کے مقابلے ایک الگ ٹیکے کے بوسٹر شاٹس کے استعمال سے متعلق دستیاب ڈیٹا پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔ ایف ڈی اے نے 26 اکتوبر کو بھی ایک مشاورتی کمیٹی کی ایک میٹنگ مقرر کی ہے جس میں پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں میں فائزر کورونا وائرس ویکسین کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایف ڈی اے نے اب تک صرف فائزر کورونا وائرس ویکسین بوسٹر کو امریکہ میں استعمال کے لیے منظوری دی ہے۔ دیگر دو مینوفیکچررز ، ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن نے اپنا ڈیٹا ایف ڈی اے کو تجزیئےکے لیے پیش کیا ہے۔