واشنگٹن، 23 اکتوبر (یو این آئی/ سپوتنک) امریکی نائب صدر کمالا ہیرس 11 نومبر کو فرانس میں منعقد ہونے والے چوتھے پیرس امن سمپوزیم میں تقریر کریں گی اور اگلے دن لیبیا پر پیرس کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ وائٹ ہاؤس نے یہاں جاری بیان میں یہ اطلاع دی ہے۔
نائب صدارتی ترجمان سیمون سینڈرز نے کہا’’نائب صدر 11 نومبر کو چوتھے سالانہ پیرس امن سمپوزیم میں شرکت کریں گی اور تقریر کریں گی۔ وہ 12 نومبر کو لیبیا پر پیرس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی‘‘۔
دورے کے دوران محترمہ ہیرس فرانسیسی صدر امانوئل میکرون سے بھی ملاقات کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بحر اوقیانوس تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کریں گی اور کووڈ -19 سے پیدا ہونے والے عالمی چیلنجز ، آب و ہوا کے بحران اور ہند بحرالکاہل جیسے مسائل پر ہماری شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گی۔