لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ریلوے لائنوں پر پھیلی ہوئی پلاسٹک کی تھیلیوں، بوتلوں، بوسیدہ کپڑوں، کھانے کی اشیاء وغیرہ کی صفائی میں پیش آنے والی دقتوں کو دور کرنے کیلئے ایک نئی مشین تیار کی گئی ہے۔ اس مشین کا شمالی ریلوے کے جنرل منیجر وی کے گپتا نے معائنہ کیا۔ انہوںنے دہلی ڈویژن کے افسران و ملازمین کی ٹیم کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نظام سے ریل پٹریوں کو صاف ستھرا رکھ کر ماحولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور اسٹیشنوں و یارڈوں میں پھیلی ہوئی گندگی کو دور کر سکے گی۔ ریلوے کے ذریعہ ریل لائنوں پر پھیلی ہوئی گندگی کو ہاتھوں سے صاف کرنے کا بندوبست کیاگیا تھا لیکن یہ کام اپنے آپ میں بہت اہم تھا اسی کے پیش نظر ریلوے نے ایک مشین تیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ریل لائنوں کو
صاف رکھنے کیلئے شمالی ریلوے نے صفائی کو ایک مشن کے طور پر لیا ہے۔
واضح رہے کہ تمام بڑے ریلوے اسٹیشن پیشہ ور ایجنسیوں کے ذریعہ صاف کئے جا رہے ہیں۔ مذکورہ ایجنسیوںکو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو صفائی کا کام مشینوں کے ذریعہ کرائیں۔ اس کام کیلئے ارکان انٹر نیشنل لمیٹیڈ اپنے سماجی فنڈ سے رقم مہیا کرانے کیلئے اگر رضا مند ہو گئی تو دہلی ڈویزن ریل لائنوں کو صاف کرنے کیلئے ایک مشین تیار کرنے کیلئے رضا مند ہو جائے گا۔ اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے موجودہ مشین اپنے قسم کی پہلی مشین ہے۔