لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گوسائیں گنج علاقہ میں ایک شہ زور نے ۹ سال کی ذہنی طور سے کمزور بچی کی آبروریزی کی۔
بچی کل شام سے لاپتہ تھی۔ آج صبح بچی بدہواس حالت میں ملی۔ پولیس نے کافی جدو جہد کے بعد آبروریزی کے ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرتے ہوئے متاثرہ بچی کو طبی معائنہ کیلئے بھیج دیا۔ خبر کے مطابق گوسائیں گنج کے بھوانی کھیڑا گاؤں کی رہنے والی ۹ سال کی ذہنی طور سے کمزور بچی بدھ کی شام سے اچانک لاپتہ ہو گئی تھی۔
بچی کے لاپتہ ہونے کے بعداہل خانہ نے اسے تلاش لیکن اس کا سراغ نہیں مل سکا۔ بتایا جا رہا ہے کہ آج صبح مقامی لوگوں کو بچی بدہواس حالت میں گاؤں کے باہرپڑی ہوئی ملی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع اہل خانہ اور گوسائیں گنج پولیس کو دی۔
خبرملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر اہل خانہ نے بچی سے بات کی تو خوفزدہ بچی نے بتایا کہ گاؤں کے باشندے شنکر نے اس کی آبروریزی کی۔
اہل خانہ نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ گوسائیں گنج پولیس نے اس معاملہ کو پوشیدہ رکھنے کی کافی کوشش کی لیکن معاملہ نے جب طول پکڑ لیاتو اس کی اطلاع اعلیٰ افسران کو دی گئی جس کے بعد گوسائیں گنج پولیس نے ملزم شنکر کے خلاف رپورٹ درج کرتے ہوئے بچی کو طبی معائنہ کیلئے ضلع اسپتال بھیج دیا۔