لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ناکہ کوتوالی علاقہ میںایک تیز رفتار کار نے ٹیمپو ڈرائیور کو ٹکر مار دی۔شدید طور سے زخمی ٹیمپو ڈرائیور کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوان اس کی موت ہو گئی۔ دوسری جانب گوسائیں گنج علاقہ میں سڑک حادثہ میں زخمی پرچون کاروباری کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔
اس کے علاوہ مال علاقہ میں اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر دیگر دوستوں سے ہولی ملنے اور دوا لینے جا رہے مزدور کی سڑک حادثہ میں موت ہو گئی جبکہ اس کا دوست شدید طور سے زخمی ہو گیا جسے لوگوں نے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق ناکہ بانس منڈی چوراہے پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے امین آباد ماموں بھانجے قبل محلہ کا باشندہ ٹیمپو ڈرائیور محمد نیاز (۳۲) شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ کار میں سوار شخص نیاز کو علاج کیلئے پرائیویٹ اس
پتال میں لے گیا جہاں علاج کرانے کے بعدکار میں سوار شخص نے اسے گھر پر لاکر چھوڑ دیا۔ سرمیں زیادہ زخم کے سبب کل دیر رات نیاز کی موت ہو گئی۔
اس کے علاوہ گوسائیں گنج کے سلیم پور گنگا گنج کے باشندے امیش یادو کی پرچون کی دکان تھی۔ امیش اور اس کا دوست تیرہ مارچ کو موٹر سائیکل سے جا رہے تھے۔ اسی دوران گنگا گنج چوراہے پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل میں ٹکر ماردی جس کی وجہ سے دونوں شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران امیش یادو کی موت ہو گئی۔اس کے علاوہ مال کے اتریٹا گاؤں کا باشندہ مزدور پتو لال (۴۰) جمعرات کو اپنے دوست اجے کے ساتھ بذریعہ موٹر سائیکل ہولی ملنے کیلئے جا رہا تھا۔ جب دونوں کرینا گاؤں کے قریب پہنچے تو اچانک ان کی موٹر سائیکل میں تیز رفتار ٹیمپو نے ٹکر مار دی جس کے سبب دونوں سڑک پر گر کر شدید طور سے زخمی ہو گئے۔ گاؤں والوں نے دونوں کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایاجہاں ڈاکٹروں نے پتو کو مردہ قرار دے دیا جبکہ اجے کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
ملزم ٹیمپو ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ٹیمپو کو اپنے قبضہ میں لے لیا ۔