نئی دہلی، 25 نومبر (یو این آئی) بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے درمیان آج مسلسل 21ویں دن گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مستحکم رکھا۔
تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار نہ بڑھانے کے بعد ہندوستان اور امریکہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے خام تیل نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ چین، جاپان اور جنوبی کوریا پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ذخائر سے تیل چھوڑ یں۔
ہندوستان 50 لاکھ بیرل تیل چھوڑے گا۔ ہندوستان کے تیل کے ذخائر 38 ملین بیرل ہیں اور یہ ملک کے مشرقی اور جنوبی ساحل پر واقع ہیں۔ اس اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں پر کچھ دباؤ آیا ہے کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں ان کی قیمتیں تقریباً مستحکم ہیں۔
مرکزی حکومت کی طرف سے دیوالی کے موقع پر پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 اور 10 روپے فی لیٹر کی کمی سے ملک میں ان دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
اس کے بعد اتر پردیش، کرناٹک سمیت ملک کی 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ان دونوں ایندھنوں پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ ) کو کم کر دیا ہے۔ اس سے متعلقہ ریاستوں میں ان دونوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے۔