ممبئی: بالی ووڈ کے معروف پلے بیک سنگر سکھویندرسنگھ بھی اداکاری کے میدان میں بھی کود پڑے ، اداکاری اور گائیکی کے ساتھ فلم کا میوزک بھی خود ہی ترتیب دیا ہے۔اس حوالے سے سکھویندر سنگھ نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک میوزیکل فلم ہے جس میں ایک گلوکار کا ہی کردار کر رہا ہوں جس کی عکسبندی راجستھان میں 17دنوں سے مسلسل کی جارہی ہے جس کے بعد دہلی اور ممبئی میں شوٹ کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ فلموں میں اداکاری کی تو ہمیشہ سے آفرز رہیں مگر میں تیار نہیں تھا۔ایک طرف دن رات فلموں کے گانوں کی ریکارڈنگز ، کنسرٹس اور ورلڈ ٹورز کے باعث شوٹنگ کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں ہورہا تھا۔اب بھی یہی صورتحال ہے مگر ڈائریکٹر نے مجھے جب فلم میں میرا کردار سنایا تو رہ نہیں سکا کیونکہ یہ ایک گلوکار کی کہانی ہے ، جس کا جنون صرف میوزک ہے اور اس فیلڈ میں نام بنانے کے لیے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوتا ہے۔سکھویندرسنگھ نے کہا کہ کیمرہ کا سامنے کرتے ہوئے اچھا لگ رہا ہے اور پھر اپنے ہی گائے ہوئے گیتوں پراداکاری کرنے کا الگ ہی مزہ ہے۔اس فلم میں اداکاری اور گلوکاری کے ساتھ گانوں کی کمپوزیشنز نایاب کے ساتھ مل کر بنائی ہیں انھوںنے کہا کہ میوزک ڈائریکٹرکا یہ میرا پہلا تجربہ نہیں اس سے قبل ’’ہندوستان کی قسم ’’ ’’بلیک اینڈ وائٹ‘‘ ، ’’ ہلہ بول ‘‘ ، ’’استتوا‘‘ ، ’’رکھت چترا‘‘ اور ’’قافلہ‘‘ کا میوزک دے چکا ہوں۔ سکھویندر نے کہا کہ یہ فلم ماہ جولائی کو سینما کی زینت بنے گی اور مجھے امید ہے کہ یہ سال رواں کی سپرہٹ فلم ثابت ہوگی۔