اعظم گڑھ : اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی سابقہ اکھلیش یادو حکومت پر دلتوں کا زبردست استحصال کرنے کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کی وجہ سے کمزور طبقات کے خلاف مظالم کا خاتمہ ہوا ہے پیر کو اکھلیش کے پارلیمانی حلقہ اعظم گڑھ کی ساگڑی تحصیل میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرتے ہوئے یوگی نے ایس پی صدر پر شدید حملہ کیا۔
یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کے نام پر سیاست کی لیکن جب بھی غریبوں اور دلتوں پر مظالم ہوتے تھے تو وہ خاموشی اختیار کرتے تھے۔
انہوں نے ایس پی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو بھی نشانہ بنایا اور کہاکہ ’’یاد ہے جب اعظم خان ایس پی حکومت میں وزیر تھے، اس وقت رام پور میں دلتوں کو اکھاڑ پھینکا جا رہا تھا۔ تب ایس پی ظلم کر رہی تھی اور بی ایس پی اور کانگریس خاموش تھے۔ اس وقت اگر کوئی مشتعل ہوا تو وہ بی جے پی تھی۔
ایس پی حکومت کے دوران انارکی اس کا مترادف بن گیا تھا۔ اندرون ملک نعرہ چلتا تھا جس گاڑی میں ایس پی کا جھنڈا ہو، اس کے اندر بیٹھا ہوا جانا پہچانا غنڈہ سمجھیں۔ لیکن ہماری حکومت نے غنڈہ گردی کی کمر توڑنے کا کام کیا ہے۔
مسٹر یوگی نے کہا کہ اعظم گڑھ کو ایس پی کے غنڈہ راج کا سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ اعظم گڑھ کے نوجوان جب باہر جاتے تھے تو انہیں دھرم شالہ یا ہوٹل میں کمرہ نہیں دیا جاتا تھا۔ یہ کام ان لوگوں نے کیا جنہوں نے کورونا کے دور میں اعظم گڑھ کو لاوارث چھوڑ دیا تھا۔اکھلیش پر کورونا کے دور میں اعظم گڑھ کے لوگوں سے فاصلہ رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “کورونا کے دور میں مودی جی ملک کے لوگوں کا خیال رکھتے تھے۔ میں ریاست میں لوگوں کی دیکھ بھال بھی کر رہا تھا اور اس وقت میں نے اعظم گڑھ کا تین بار دورہ کیا تھا۔ ہسپتال، میڈیکل کالج گئے اور لوگوں کی خیریت دریافت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اعظم گڑھ کے رکن پارلیمنٹ کورونا کے دور میں غیر حاضر تھے۔ وہ کہیں نہیں مل رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ‘ایک بار میں نے پوچھا بھی کہ تمام ممبران پارلیمنٹ کی خیریت لی جا رہی ہے، وہ (اکھلیش) کہاں ہیں، تب مجھے معلوم ہوا کہ وہ انگلینڈ گئے ہیں۔ میں نے دوسری بار دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ وہ آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں۔ اعظم گڑھ کے لوگوں نے انہیں آسٹریلیا اور انگلینڈ جانے کے لیے نہیں منتخب کیا تھا۔