دہلی، 9 دسمبر (یو این آئی) بالی ووڈ اداکار اشوک کمار کی شبیہ اگرچہ ایک سدا بہار اداکار کی رہی ہے لیکن بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ وہ فلم انڈسٹری کے پہلے ایسے اداکار رہے جنہوں نے اینٹی ہیرو کا کردار بھی ادا کیا تھا۔
چالیس کی دہائی میں اداکاروں کی شبیہ روایتی اداکار کی ہوتی تھی جو رومانی اور صاف ستھرے کردار کیا کرتے تھے۔
اشوک کمار فلم انڈسٹری کے پہلے ایسے اداکار رہے جنہوں نے اداکاروں کے روایتی اسٹائل کو توڑتے ہوئے فلم قسمت میں اینٹی ہیرو کا کردار کیا تھا۔
ہندی فلم انڈسٹری میں دادا مونی کے نام سے مشہور کمود کمار گنگولی عرف اشوک کمار کی پیدائش بہار کے بھاگلپور شہر میں 13 اکتوبر 1911 کو ایک درمیانے طبقے کے بنگالی خاندان میں ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کھنڈوا شہر اور گریجویشن کی تعلیم الہ آباد یونیورسٹی سے مکمل کی۔
اشوک کمار نے 1936 میں بامبے ٹاکیز کی فلم ’’جیون نیّا ‘‘ سے بطور اداکار اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔
سال 1939 میں آئی فلم كنگن، بندھن اور جھولا میں اشوک کمار نے لیلا چٹنس کے ساتھ کام کیا، ان فلموں میں ان کی کارکردگی کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔