وارانسی، 14 دسمبر ؛ وزیر اعظم نریندر مودی نے کاشی میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران وارانسی میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کا پیر کی دیر رات معائنہ کیا ۔
وارانسی وزیر اعظم مودی کا پارلیمانی حلقہ بھی ہے ۔ مودی نے پیر کو دن میں کاشی وشوناتھ دھام کمپلیکس کا افتتاح اور دیر شام تک گنگا آرتی دیکھنے کے بعد وارانسی کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس سے قبل انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں بھی شرکت کی۔ مودی نے سوشل میڈیا پر تصویریں شیئر کرکے اس کی جانکاری دی ۔ دیر رات تقریبا سوا بارہ بجے مودی نے میٹنگ کے بعد بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے میٹنگ کے اختتام کی اطلاع دی۔
میٹنگ میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ مدھیہ پردیش، ہریانہ اور آسام سمیت دیگربی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ منگل کو بھی اس میٹنگ کا دوسرا دور ہو گا ۔ اس میں وزیراعظم کا خطاب ہوگا ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اتر پردیش میں تین روزے پر آئے بی جے پی کے تمام وزرائے اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ 15 دسمبر کو ایودھیا بھی جائیں گے۔