سری نگر ، 15 دسمبر؛ وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں روز افزاں ہو رہے اضافے کے چلتے سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات درج کی گئی۔
منفی درجہ حرارت کے باعث وادی میں کئی ایک آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق ڈل جھیل کو بدھ کی صبح جزوی طورپر منجمند پایا گیا۔ اس کے علاوہ کچھ ایک علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی لائنیں بھی منجمند ہو گئی ہیں جس کے باعث ایسے علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہو کررہ گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کا درجہ حرارت منفی 3.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رات کو مطلع صاف رہنے کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔
کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کئے جانے کے بعد سری نگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق جھیل کے اندرونی حصے بدھ کی صبح منجمند پائے گئے۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جس نے بدھ کی صبح ڈل جھیل کا دورہ کیا، نے ڈل کے اندرونی علاقوں میں شکار والوں کو یخ کی پرت توڑ کر شکاروں کے لئے جگہ بناتے ہوئے دیکھا گیا۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح کو ہی الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آنے والے دنوں کے دوران کشمیر میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آنے کا امکان ہے۔