چندولی، 16 دسمبر ؛اتر پردیش میں ضلع چندولی کے بابوری علاقے میں ایک کار کے بے قابو ہوکر نہر میں گرنے سے تین بھائیوں سمیت چار نوجوانوں کی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ پولیس گشتی ٹیم کو بدھ کی رات دیر گئے بھڑکُڑوا گاؤں کے نزدیک سڑک کے کنارے نہر میں ڈوبی ہوئی ایک کار ملی۔ پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کار کی کھڑکی اور گیٹ توڑ کر نوجوانوں کو ضلع اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت سکھو یادو، بلی رام پرجاپتی، گنگا ساگر اور ودیا پتی پرجاپتی کے طور پر ہوئی ہے، جو مرزا پور ضلع کے جمال پور علاقے کے شیروا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس چرنجیوی مکھرجی نے بتایا کہ مرزا پور ضلع کے رہنے والے چاروں نوجوان ایک کار میں چندولی کی طرف آرہے تھے کہ ان کی کار غیر متوازن ہوکر تھانہ علاقہ کے بھڑکُڑوا گاؤں کے قریب نہر میں گر گئی۔ چاروں کی موت پانی میں ڈوبنے سے ہوئی۔
متوفی کے رشتہ داروں کے مطابق بدھ کے روز اندر دیو کے تین بیٹے گنگا ساگر، ودیا ساگر، بلرام اپنے ساتھی سکھو یادو ولد جے مورت یادو کے ساتھ کار سے ریوسا گاؤں بہو کو چھوڑنے گئے تھے۔ بھابھی کو ان کے گھر چھوڑ کر رات گیارہ بجے سب گاڑی سے واپس آرہے تھے کی اسی دوران بھڑکُڑوا گاؤں کے قریب کار بے قابو ہو کر پانی میں جا گری۔