لکھنؤ(نامہ نگار)جانکی پورم علاقے میں کچھ ماہ سے ممبئی میں کروڑوں روپئے کی ٹھگی کرنے والا جعلساز خفیہ طریقے سے رہ رہا تھا۔ اس بات کا پتہ ممبئی کی باندرا پولیس کو سرویلانس کی مدد سے چلا تو باندرا پولیس جعلساز کو پکڑنے کیلئے راجدھانی پہنچی۔آج باندرا پولیس نے ملزم جعلساز کو گڑمباپولیس کی مدد سے گرفتار کر لیا۔
ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ جانکی پورم کے سیکٹر جی کے رہنے والے راجیش سنگھ کو ٹھگی کے الزام میں جمعرات کو پکڑا گیا۔ راجیش سنگھ کو باندرااور گڑمبا پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اس کے گھر سے گرفتار کیا۔ انہوںنے بتایا کہ راجیش کچھ سال قبل ممبئی میںرہ کر کانسٹرکشن کا کام کرتا تھا۔ اس نے ممبئی اور یو پی کے کئی بڑے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ تعلقات ہونے کی بات لوگوں کو بتائی اور ان کو اپنے جعل میں پھنسایا۔ اس کے بعد راجیش نے ان لوگوںسے کانسٹرکش کا سرکاری ٹھیکہ دلانے کے نام پر لاکھوں روپئے کی جعلسازی کی۔ روپئے لینے کے بعد راجیش سنگھ ممبئی سے فرار ہو گیا اور جانکی پورم علاقے میں رہنے لگا۔ راجیش سنگھ کے خلاف سال ۳۱۰۲ء میںباندرا پولیس اسٹیشن پر دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی ۔ اس کے بعد باندرا پولیس ملزم کی تلاش میں لگ گئی تھی لیکن وہ ہاتھ نہیں آرہا تھا۔ کچھ دن قبل باندرا پولیس کو سرویلانس کی مدد سے اس بات کا پتہ چلا کہ راجیش سنگھ راجدھانی میں رہ رہا ہے۔ بس اس کے بعد باندرا پولیس راجدھانی پہنچی اور گڑمبا پالیس کی مدد سے اس کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئی۔ ایس او گڑمبا بھگوان سنگھ نے بتایا کہ فی الحال ابھی اس بات کا پتہ لگایاجارہا ہے کہ راجیش سنگھ کے ساتھ اور کون-کون لوگ شامل ہیں۔ راجیش سنگھ ہردوئی ضلع کا رہنے والا ہے ۔ گڑمبا پولیس کو جانچ کے دوران اس بات کا پتہ چلا ہے کہ ملزم راجیش کے خلاف اناؤ، قیصر باغ اور نوئیڈا اضلاع میں دھوکہ دہی کے ۸مجرمانہ معاملات درج ہیں۔ اس کے خلاف اناؤ ضلع سے گینگسٹر کی بھی کارروائی
کی گئی ہے۔