لکھنؤ(نامہ نگار)جانکی پورم علاقہ میں رہنے والے ایک کسان کے بیٹے کی خون سے لت پت لاش اس کے ہی زیر تعمیر مکان میں پڑی ملی۔ اس معاملہ میں متوفی کے دوست کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ جانکی پورم کے رسول پور گاؤں میں اشرفی لال راوت اپنے بیٹوں ۸۱سالہ نیرج راوت، بندرا اور رام کرن کے ساتھ رہتا ہے۔ اشرفی کے ساتھ اس کا بیٹا نیرج بھی کھیتی میں اس کی مدد کرتا تھا۔ بتایاجاتا ہے کہ بدھ کی رات تقریباً ۱۱بجے نیرج کے گھر اس کا ایک دوست پہنچا اور اس کو اپنے ساتھ بلا کر لے گیا۔ تقریباً ایک بجے اشرفی لال کے ایک زیر تعمیر مکان کے پڑوس میں رہنے والے شخص نے جب کتوں کے بھونکنے کی آواز سنی تو وہ اٹھ کر باہر آگیا۔اچانک اس کی نظر اشرفی لال کے زیر تعمیر مکان کے برآمدے میں گئی تو دیکھا کہ نیرج خون سے لت پت پڑا ہے۔پڑوسی نے دوڑ کر اس کی اطلاع کچھ فاصلے پر دوسرے مکان میں موجود اشرفی لال کو دی۔ اطلاع ملنے پر جانکی پورم پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نیرج کو لے کر ٹراماسینٹر پہنچی جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس معاملہ میں جمعرات کی صبح نیرج کے والد نے اس کے دوست لوکش کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی۔ رپورٹ درج ہونے کے بعد جانکی پورم پولیس نے لوکش کو گرفتار کر لیا۔