قنوج، 31 دسمبر؛اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل محکمہ انکم ٹیکس نے جمعہ کی صبح سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) پشپراج جین عرف ‘پمپی’ کے گھر پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق قنوج میں پمپی کے گھر پر انکم ٹیکس محکمہ کی جانب سے صبح 7 بجے سے چھاپہ ماری شروع کی گئی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ پرفیوم بزنس مین پمپی جین ہی ہیں جنہوں نے حال ہی میں ‘سماج وادی پرفیوم’ تیار کیا ہے۔
قبل ازیں، محکمہ انکم ٹیکس نے قنوج کے پرفیوم تاجر پیوش جین کے گھر پر گزشتہ چند دنوں سے جاری چھاپوں میں تقریباً 200 کروڑ روپے کی نقدی اور 75 کلو سونا اور چاندی برآمد کی تھی۔ محکمہ انکم ٹیکس کا دعویٰ ہے کہ کسی شخص کے گھر سے ملنے والی رقم کی یہ اب تک کی سب سے بڑی ریکوری تھی۔
قنوج اور کانپور میں پیوش جین کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران پمپی جین کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ اس وقت ایس پی لیڈروں نے پیوش جین کو ایس پی پرفیوم بنانے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ دریں اثنا، ایس پی صدر اکھلیش یادو نے آج قنوج میں پریس کانفرنس بلائی تھی اور یہ انکشاف کیا تھا کہ پرفیوم تاجر پیوش جین سے ایس پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی قنوج میں پمپی جین کے گھر پر انکم ٹیکس کے چھاپے شروع ہوئے تھے۔
فی الحال سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس یا انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے چھاپوں کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی ہے۔