لکھنؤ : کانگریس نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سرکاری خرچ پر وزیر اعظم، ریاستی وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے رہنماؤں کی ریلیوں پر پابندی عائد کرے۔
ریاستی کانگریس کے صدر اجے کمار للو، ر اسمبلی میں کانگریس اراکین اسمبلی پارٹی کی لیڈر آرادھنا مشرا ’مونا‘، سابق رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری، سابق رکن پارلیمنٹ پی ایل پونیا اور سابق وزیر نسیم الدین صدیقی نے کمیشن کو خط لکھ کر بی جے پی کی ریلیوں میں استعمال کی جانے والی غیر پارلیمانی زبان پر بھی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعرات کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے پونیا، تیواری اور مونا نے کہا کہ فی الحال کووڈ وبا کی تیسری لہر کا امکان ہےجس میں چھوٹے پروگرام، چوپال، ورچوئل میٹنگ اور ڈور ٹو ڈور کمپین جیسے تشہیری پروگرام ہونے چاہیئیں۔