جموں، یکم جنوری؛جموں میں ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ مچ جانے کے باعث 12یاتریوں کی موت واقع ہوئی جبکہ 13زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضر ی دینے کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں یاتری کل شام یہاں پہنچے جس وجہ سے مندر میں کافی بھیڑ جمع ہوئی۔
اُن کے مطابق صبح دوبجکر 45 منٹ پر ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھاری بھیڑ کے بیچ دو گروہوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس وجہ سے بھون میں بھگدڑ مچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات میں 12 یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 13شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی امکان ہے ۔
دریں اثنا پولیس چیف دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ کے باعث 12یاتری فوت ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ بھون کے اندر بھاری بھیڑ کے بیچ دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں شروع ہوئی جس وجہ سے بھگدڑ کا ماحول پھیل گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر ماتا ویشنو دیوی مندر میں ہزاروں کی تعداد میں یاتری حاضری دینے کی غرض سے کٹرا پہنچے ۔
اُنہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد یاتری لمبی لمبی قطاروں میں اپنی بھاری کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی اثنا میں وہاں دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی اور وہ بھاگنے لگے جس وجہ سے زبردست بھگدڑ مچ گئی اور لوگ ایک دوسرے پر گر پڑے ۔
علاوہ ازیں پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ بھگدڑ کا یہ واقع کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوا۔