لکھنؤ(نامہ نگار)عالم باغ علاقے میں بدھ کی دیر رات روپئے کے لین دین کے سبب کیبل تاجر کو گولی مارنے کے معاملہ میں پولیس نے اس کے ایک کاروباری حصہ دار کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہیں اس کا دوسرا ساتھی فی الحال فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔
انسپکٹر عالم باغ رشی دیو یادو نے بتایا کہ علام باغ کے آنند نگر کے رہنے والے راکیش سنگھ عرف منا آفتاب وراج باٹلا کے ساتھ مل کر کیبل کا کاروبار کرتاہے۔ بدھ کی دیر رات تینوںلوگ ساتھ میں تھے۔ ٹیڑھی پلیا کے نزدیک تینوں لوگوں میں کہا سنی ہوگئی تھی دیکھتے ہی دیکھتے کہاسنی اتنی بڑھ گئی کہ آفتاب نے اپنی لائسنسی پستول سے راکیش کو گولی ماردی۔
گولی اس کے کندھے میں لگی تھی۔ واردات کے بعد آفتاب و راج باٹلا موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے زخمی راکیش سنگھ کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا۔ پولیس نے اس معاملہ میں آفتاب اور راج باٹلا کے خلاف قتل کی کوشش کی رپورٹ درج کر لی ۔ جمعرات کی صبح عالم باغ پولیس نے بس اڈے کے نزدیک سے راج باٹلا کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ میں اس نے پولیس کو بتایا کہ روپئے کے لین دین کے سلسلہ میں ان لوگوں کا راکیش سے جھگڑا ہو گیا تھا۔ وہیں واردات کا اصل ملزم آفتاب ہنوز فرار ہے عالم باغ پولیس اس کی گرفتار کیلئے کئی مقامات پرچھاپے مارچکی ہے لیکن ابھی تک اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔