اعظم گڑھ۔(نامہ نگار)۔ ملائم سنگھ یادو کے اعظم گڑھ سے الیکشن لڑنے کے اعلان سے کارکنان میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔
کارکنان تیاری میں پوری طاقت لگا رہے ہیں۔ گزشتہ روز مختلف ذیلی تنظیموں کے ذریعہ مختلف پروگرام منعقد کر کے ملائم سنگھ کے الیکشن لڑنے پر اظہار مسرت کیا گیا۔ وکلاء سبھا سماج وادی پارٹی ضلع اکائی کا جلسہ دیوانی عدالت میں ہوا اس میں ملائم سنگھ یادو کے ضلع سے الیکشن لڑنے کا خیر مقدم کیا گیا۔ ضلع صدر رما پتی سنگھ یادو نے کہا کہ وکلاء کے مفاد کیلئے اگر کسی رہنما نے کام کیا ہے تو وہ ملائم سنگھ یادو ہیں۔ جنرل سکریٹری رام جیت یاد ونے کہا کہ نوجوان وکلاء کو وکالت شروع کرنے پر تین ہزار روپئے اعزازیہ دینے کا منصوبہ ہو یا وکلاء حادثہ بیمہ رقم میں اضافہ کا تاریخی قدم ۔
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے ذریعہ ہی اٹھایا گیا ہے۔ ہم سبھی ملائم سنگھ یادو کو یہاں سے تاریخی کامیابی دلائیں گے۔ اس موقع پر راج بہادر یادو، منوہر یادو، اندر جیت یادو، پربھو ناتھ یادو، کملا پرساد موریہ وغیرہ موجود تھے۔
اسی سلسلہ میں سماج وادی پارٹی اقلیتی سیل کے ضلع صدر راشد خان کی قیاد ت میں تکیہ ، غلامی کا پورہ اور پہاڑ پور وغیرہ علاقوں میں جلوس نکال کر کارکنان نے ملائم سنگھ یادو کے ضلع سے الیکشن لڑنے کا خیر مقدم کیا۔ راشد نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو ہی اقلیتوں کے سچے خیر خواہ ہیں۔
انہوں نے اقلیتوں کے مفاد میں تمام منصوبے نافذ کئے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملائم سنگھ یادو کو ریکارڈ ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر حکیم بیگ، ندیم خان، پرویز احمد، سماج وادی پارٹی ضلع صدر حولدار یادو، ڈاکٹر ہری رام سنگھ یادو، ایس کے ستیندر، مشتاق وغیرہ موجود تھے۔