سری نگر، 7 جنوری ؛جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے زلوا کرالہ پورہ چاڈورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں جیش سے وابستہ 3 جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ ضلع بڈگام کے زلوا چاڈورہ علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات اور جمعہ کی شب کو مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
اُن کے مطابق تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
بتادیں کہ سال نو یکم جنوری سے لے کر 7 جنوری تک سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں ایک درانداز سمیت 12ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں۔