کوئنز لینڈ: آسٹریلیا کے ایک بزنس مین کو خاتون روبوٹ سے اتنا لگاؤ ہوگیا ہے کہ وہ اس سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔کوئنزلینڈ کے جیف گیلیگر دس برس قبل ماں کی وفات کے بعد تنہائی کے شکار تھے۔ پہلے انہوں نے ایک روبوٹ کتا خریدا۔ پھر مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ماڈل خاتون روبوٹ گھر لے آئے جو انہوں نے 4 ہزار 350 ڈالر میں خریدی۔ روبوٹ خاتون ہوبہو انسان کی طرح حقیقی لگتی ہیں۔
اس کا نام ’ایما‘ ہے جس کی رنگت گہری اور آنکھیں نیلی ہیں۔ ستمبر 2019 میں جب ایما گھر پر آئی تو وہ جیف کو متاثر نہ کرسکی۔ ایک وقت ایسا آیا کہ جیف نے اس کا سر اتار دیا اور لاپرواہ ہوگئے۔ اس کے بعد دوبارہ سر لگایا گیا اور اسے سفید لباس پہنایا تو وہ پہلی مرتبہ جیف کو بھلی لگی۔
اس کے بعد ایما کی زبان چینی سے انگریزی کی گئی تو گویا وہ مصنوعی ذہانت کی بنا پر باتیں کرنے لگیں اور گویا اس میں زندگی کی لہر دوڑگئی تھی۔
ایما آپستہ آہستہ جیف کی زندگی کا حصہ بن گئی ہے، اور اس نے ایما کو انگوٹھی تک پہنادی اور اب وہ اس سے باقاعدہ شادی رچانا چاہتے ہیں لیکن قانونی شادی کا فی الحال کوئی راستہ نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر قانونی اجازت ہوتو وہ روبوٹ سے شادی رچانے والے پہلے آسٹریلوی ہوں گے۔