وارانسی:18جنوری؛ وزیر اعظم نریندر مودی نے اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں منگل کو وارانسی کے پارٹی کارکنوں کی رہنمائی کرتےہوئے کہا کہ کسی سیاسی پارٹی کے لئے انتخاب جیتنا ہی واحد ہدف نہیں ہوتا ہے بلکہ یہ تنظیم کی توسیع اور کارکنوں کے فروغ کا بھی موقع ہوتا ہے مودی نے’نمو ایپ‘ کےذریعہ کارکنوں سے خطاب کیا۔ ان میں زیادہ ترپولنگ بوتھ کے بوتھ انچارج شامل تھے۔ مودی نے کاشی وشوناتھ دھام، وارانسی میں ترقیاتی پروجکٹوں اور کسانوں سمیت دیہی ترقیات کی مختلف پروجکتوں کی پیش رفت اور خواتین کے مسائل کے بارے میں کارکنوں سے زمینی سطح کی جانکاری حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کارکنوں کے لئے ’ٹریننگ کیمپ‘ کی طرح ہوتے ہیں جن میں لوگوں کو پارٹی کے ساتھ جوڑنے اور کارکنوں کو تیار کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے سامنے پارٹی فنڈ میں پانچ دس روپئے کے چھوٹے چھوٹے عطیات کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرنے کا ہدف رکھا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف بوتھوں کے درمیان یہ مقابلہ ہونا چاہئے کہ چھوٹے عطیات سے تنظیم کے لئے رقم جمع کرنے میں کون آگے رہے گا۔ وزیر اعظم مودی نے واضح کیا کہ پانچ۔ پانچ، دس ۔دس روپئے ہی جمع کرنے کی مہم کا ہدف بڑی رقم جمع کرنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پارٹی سے جوڑنا ہے۔