نئی دہلی، 19 جنوری ؛ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کی اکائی ریلائنس جیو انفو کام لمیٹڈ (آر جے آئی ایل) نے خریدے گئے اسپیکٹرم کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن محکمے کو 30,791 کروڑ روپے ادا کیے ہیں، جس سے کمپنی کو تقریباً 1,200 کروڑ روپے بطور سود ملے ہیں اور یہ ادا کی جانے والی رقم کا تخمینہ بچت ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں کمپنی نے کہا کہ اس نے نیلامی میں حاصل کیے گئے اسپیکٹرم کی تمام واجبات کی پہلے سے ادائیگی کر دی ہے۔ جیو نے سال 2014، 2015، 2016 میں اسپیکٹرم حاصل کیا تھا، اور 2021 میں جیو نے بھارتی ایئر ٹیل لمیٹیڈ سے بھی اسپیکٹرم خریدا تھا۔ کمپنی نے یہ تمام واجبات ادا کر دیئے ہیں۔ کمپنی نے ان نیلامیوں اور سودوں میں 585.3 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کیا تھا۔
ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے ڈی او ٹی کی جانب سے دسمبر 2021 میں ایک پیکیج کا اعلان کیا تھا جس میں ادائیگی کی شرائط لچکدار تھیں۔ لیکن جیو نے سال 2016 میں موصول ہونے والے اسپیکٹرم سے متعلق ادائیگی کی پہلی قسط اکتوبر 2021 میں ہی ادا کر دی تھی۔ سال 2014 اور 2015 میں نیلامی میں موصول ہونے والی اسپیکٹرم کی تمام موخر واجبات کے ساتھ ساتھ ٹریڈنگ کے ذریعے حاصل کیے گئے اسپیکٹرم کی واجبات کو جنوری 2022 میں جیو نے قبل از وقت ادا کر دیا ہے۔
یہ واجبات مالی سال 2022-23 سے 2034-2035 تک سالانہ اقساط میں قابل ادائیگی تھے اور شرح سود 9.30 فیصد سے 10 فیصد سالانہ تک تھی۔ کمپنی کا اندازہ ہے کہ جلد ادائیگی کرنے سے صرف سود پر سالانہ 1,200 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔