نئی دہلی، 19 جنوری اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سینئر ترین لیڈر ملائم سنگھ یادو کی چھوٹی بہو اپرنا یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر لی ۔
بدھ کو مسز یادو نے یہاں اتر پردیش بی جے پی یونٹ کے صدر سوتنتر دیو سنگھ اور ریاست کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے بعد انہوں نے پارٹی صدر جگت پرکاش نڈا اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔
بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد مسز یادو نے کہا’’میں ہمیشہ وزیر اعظم نریندر مودی سے متاثر رہی ہوں۔ میری سوچ میں ملک سب سے پہلے ہے۔ اب میں قوم کی ارادھنا کے لیے نکلی ہوں۔ میں بی جے پی کی دیگر تمام اسکیموں سے متاثر ہوئی ہوں جن میں سوچھ بھارت مشن، خواتین کے لیے سوالمبن جیون شامل ہیں۔ میں بی جے پی کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے مجھے پارٹی کا حصہ بننے کا موقع دیا۔
اس موقع پر اتر پردیش بی جے پی صدر نے مسز یادو کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی کے دور حکومت میں غنڈہ گردی کو اتنی اہمیت دی گئی کہ ریاست میں کوئی بیٹی محفوظ نہیں رہی۔ مسز یادو نے شروع سے ہی محسوس کیا کہ مسٹر آدتیہ ناتھ کی قیادت والی بی جے پی حکومت میں اچھی حکمرانی ہے۔
موریہ نے کہا کہ مسز یادو کا نظریہ ہمیشہ بی جے پی سے متاثر رہا ہے جیسا کہ ان کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے۔ مسٹر مودی اورآدتیہ ناتھ کی قیادت میں جو ترقی ہو رہی ہے اسے دیکھ کر بہت سے لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور ایس پی صدر اکھلیش یادو اپنے خاندان اور پارٹی دونوں میں ناکام ہو چکے ہیں۔ وہ چیف منسٹر کے دور میں بھی ناکام رہے ہیں اور اب ایم پی کے طور پربھی ناکام ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ملائم سنگھ یادو کی دوسری بیوی سادھنا گپتا ہیں۔ ان کے بیٹے پرتیک یادو کی شادی مسز اپرنا یادو سے ہوئی ہے۔ مسز یادو نے 2017 کا اسمبلی الیکشن لکھنؤ کینٹ سے لڑا تھا۔