نئی دہلی، 22مارچ(یو این آئی) کانگریس کے رہنما اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کے اس بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے جس میں انہوں نے راجیہ سبھا میں حزب مخالف کے رہنما ارون جیٹلی کو اگلا نائب وزیر اعظم کہا تھا، کہا ہے کہ بی جے پی کا مودی کو اگلا وزیر اعظم اور اور جیٹلی کواگلا نائب وزیر اعظم بتانا محض ایک خام خیالی ہے۔بی جے پی کا مودی کو وزیر اعظم اور جیٹلی کو اگلا نائب وزیر اعظم یا وزیر خزانہ سمجھنا ایسا ہی ہے جیسا کہ جب ایک خاتون کو ایک انڈا مل گیا تو وہ یہ خواب دیکھنے لگی کہ اس ایک انڈے کی وجہ سے وہ پولٹری فارم کی مالکن ہو جائے گی۔ یہ تبصرہ مسٹرسنگھ نے سماجی نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر کیا ہے۔پنجاب کے اٹاری میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر بادل نے کہا تھا کہ اگر این ڈے اے اقتدار میں آتا ہے تو مسٹر جیٹلی ملک کے اگلے نائب وزیر اعظم یا وزیر خزانہ ہوں گے۔جیٹلی کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر بادل نے کہا تھا کہ اگر آئندہ حکومت این ڈی اے کی ہوتی ہے تو سینئر بی جے پی رہنما کو نائب وزیر اعظم کا عہدہ دیا جانا چاہئے۔مسٹر جیٹلی کو اسی ہفتے امرتسر سے بی جے پی کا لوک سبھا امیدوار بنایا گیا ہے۔