کانپور (نامہ نگار)چکیری تھانہ حلقہ میں کیسا کے سبکدوش ملازم کے گھر میں علی الصبح گھسے اسلحہ بردار بدمعاشوں نے جم کر لوٹ مار کی۔ مزاحمت کرنے پر سبکدوش ملازم سمیت بیوی ،بیٹے اور بہو کو بدمعاشوں نے ماراپیٹا اور ہاتھ پیر باندھ کر سامان لیکر فرار ہوگئے۔ کسی طرح بندھن سے آزاد ہونے کے بعد زخمی کنبہ کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے بدمعاشوں کی تلاش شروع کردی ہے۔
چکیری کے شیام نگر علاقہ میں رہنے والے راکیش نگم کیسا سے جونیئر انجینئر کے عہدہ سے سبکدوش ملازم ہیں۔ راکیش نگم کے مطابق دیر رات تقریباً تین بجے ان کے گھر میں پانچ ،چھ مسلح بدمعاش چھت کے راستے گھر میں گھس آئے اور بدمعاشوں نے بیوی پربھا، بیٹے پرشانت اور بہو راگنی کو یرغمال بنالیا اور الماری کی چابی مانگنے لگے۔ جان سے مارنے کی دھمکی دیئے جانے پر انہوں نے چابی حوالے کردی اس کے بعد بدمعاشوں نے لاکر می
ں رکھے سونے چاندی کے زیورات اور نقد روپئے لوٹنے لگے ۔
اسی دوران بیٹے اور انہوں نے لوٹ کی مخالفت کی تو بدمعاشوں نے سبھی کو سریا اور طمنچوں کی بٹوں سے جم کر پیٹا۔ بدمعاش ان کے منہ پر کپڑا اور ہاتھ پیر رسی سے باندھنے کے بعد لہولہان حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ان لوگوں نے کسی طرح اپنے کو بندھن سے آزاد کیا اور پولیس کو واردات کی اطلاع دی۔ معاملہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے موقع پر سی او کینٹ اونیش کمار کے ساتھ تھانہ پولیس، ڈاگ اسکوائڈ اور فنگر پرنٹ کی اکسپرٹ ٹیم پہنچی۔
تفتیش کے دوران بدمعاشوں کے گھر میں چھت کے راستے سے آنے کے نشان ملے۔ پولیس نے مارپیٹ میں زخمی کنبہ کے لوگوں کو نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا۔ سی او کینٹ نے بتایا کہ واردات کو انجام دینے والوں نے پہلے سے کنبہ کے بارے میں معلومات حاصل کرلی تھی۔فی الحال معاملہ درج کرکے بدمعاشوں کی تلاش کی جارہی ہے۔