اوٹاوا،7 فروری؛ اوٹاوا کے میئر جم واٹسن نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے لگائی گئی پابندیوں کے خلاف مظاہروں کے درمیان کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے۔
شہر کی انتظامیہ نے اتوار کے روز کہا کہ’’ہنگامی حالات کا اعلان شہر میں جاری مظاہروں سے رہائشیوں کو لاحق سنگین خطرے کی عکاسی اور دوسرے دائرہ اختیار اور حکومتی سطحوں سے تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔”
انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ میئر جم واٹسن نے اوٹاوا شہر کی انتظامیہ کو اتوار کے روز اعلان کردہ ہنگامی حالات سے مستثنیٰ قرار دیا ہے تاکہ ضروری خدمات کے کام کو جاری رکھنے اور فرنٹ لائن ورکرز کے لیے ضروری سامان خریدنے میں مدد ملے۔
اس سے قبل اتوار کو مسٹر واٹسن نے اوٹاوا کے سی ایف آر اے ریڈیو پر کہا تھا کہ ’’شہر کے احتجاج میں غیر ذمہ داری اور مجرمانہ رویہ عروج پر ہے، اور ٹرک ڈرائیوروں اور مظاہرین کی طرف سے بڑی رکاوٹوں کی وجہ سے شہر کے رہائشی اور مقامی کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔اس وقت صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہے۔‘‘