احمدآباد، 23مارچ (یو این آئی)سینئر بی جے پی رہنما جسونت سنگھ کے باغیانہ نقش قدم پر چلتے ہوئے گجرات سے بی جے پی کے ایم پی ہرین پاٹھک نے آج مشرقی احمدآباد لوک سبھا حلقہ سے انہیں ٹکٹ نہ دئے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے۔ اس حلقے سے وہ لگاتار 7مرتبہ فتحیاب ہوچکے ہیں۔آج صبح ایک اخباری میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے بی جے پی کے بزرگ رہنما مسٹر ایل کے اڈوانی کے قریبی معتمد سمجھے جانے والے مسٹر پاٹھک نے کہا کہ وہ پارٹی کے ذریعے کئے گئے اس فیصلے سے ناخوش ہیں جس میں باہر سے بلائے گئے لوگوں کو ٹکٹ دئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ شام بی جے پی نے مشرقی احمدآباد سیٹ کاٹکٹ فلم اداکار پریش راول کو دے دیا۔مسٹر پاٹھک نے میڈیا سے کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ کی تقسیم کے طریقے سے پارٹی کارکنان کو تکلیف پہنچی ہے نیز اس سے ان کا حوصلہ کمزور ہواہے۔
اگرچہ انہوں نے پارٹی کے فیصلے کو قبول توکر لیا البتہ انہوں نے اس پرناراضگی کا اظہاربھی کیا۔
ٹکٹ کے معاملے پرپارٹی اعلی کمان کو دبے لفظوں الٹی میٹم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ مشورہ کریں گے اور تین دنوں کے اندر آئندہ اقدام کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے فیصلے سے انہیں تکلیف ہوئی ہے، نیز یہ کہ انہیں ٹکٹ نہ دینے سے پارٹی کارکنان ناخوش ہیں۔ انہوں نے واضح طور سے کہا کہ ایک خارجی شخص کو ٹکٹ دینے کے فیصلے سے وہ دل برگشتہ ہیں۔