لکھنؤ : اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 59 سیٹوں کے لیے انتخابی مہم جمعہ کو شام 6 بجے ختم ہو جائے گی ریاست میں سات مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے دوران20 فروری کو ہونے والی پولنگ کے تیسرے مرحلے میں 2.15 کروڑ ووٹر 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں پر 627 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے.
الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 جنوری کو شائع کردہ ووٹر لسٹ کے مطابق تیسرے مرحلے کی نشستوں پر 02 کروڑ 15 لاکھ 75 ہزار 430 ووٹرز ہیں۔
اس میں 01 کروڑ 16 لاکھ 12 ہزار 10 مرد ووٹرز اور 99 لاکھ 62 ہزار 324 خواتین ووٹرز کے علاوہ 1096 تھرڈ جینڈر ووٹرز شامل ہیں۔
اس مرحلے میں برج علاقے کے پانچ اضلاع فیروز آباد، ہاتھرس، مین پوری، ایٹا اور کاس گنج کی 19، اودھ علاقے کے کانپور، کانپور دیہات، اوریا، فرخ آباد، قنوج اور ایٹاوا ضلع کی 27 اور بندیل کھنڈ کے پانچ اضلاع جھانسی، جالون، للت پور، مہوبہ اور ہمیر پور کی 13 سیٹوں پر ا نتخاب ہونا ہے۔