یمن کی مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورسز نے صوبہ مآرب میں امریکہ کے دوسرے ڈرون کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے بنائے ہوئے ایک اسکین ایگل قسم کے ڈرون طیارے کو صوبہ مآرب کے شہر الجوبہ کے نواحی علاقے میں مار گرایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج نے اس سے چند گھنٹوں پہلے متحدہ عرب امارت کے زیر استعمال امریکی ساخت کے ایم کیو ون ڈرون طیارے کو بھی صوبہ مآرب میں نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا۔
یمنی فوج حالیہ مہینوں کے دوران سعودی فوجی اتحاد کے درجنوں ڈرون طیاروں کو ملک کے مختلف علاقوں میں جاسوسی مشن کی انجام دہی کے دوران تباہ کر چکی ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں 5 روز قبل بھی جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان کے ملک عبدالله ایر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ تاہم سعودی عرب کے ٹیلی ویژن چینل نے دعوی کیا کہ اس ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔
یمنی فورسز ملک پر جارح سعودی اتحاد کے حملے کے آغاز سے اب تک دسیوں جاسوسی ڈرون، ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے گرا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہا ہے اور اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے- یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی بمباری میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ دسیوں ہزار افراد بے گھر اور دربدر ہوچکے ہیں ۔
سعودی عرب کی فوجی جارحیت کے نتیجے میں غریب عرب ملک یمن کو غذاؤں اور دواؤں کی شدید قلت لاحق ہوگئی ہے۔ یمنی عوام کی استقامت کے باعث سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو اب تک اپنے مذموم اہداف میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سےمارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنانے کا ایک مقصد اپنے ایجنٹ منصور ہادی کو دوبارہ برسراقتدار لانا اور اس ملک کے ذخائر پر قبضہ کرنا ہے۔