میرپور۔پاکستانی بولروں نے میچ کے آخری حصے میں نپی تلی بولنگ کی بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی کے عالمی مقابلوں میں گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 16 رنز سے شکست دے دی ہے۔میرپور میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو عمر اکمل کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔اس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم گلین میکسویل کی جارحانہ اننگز کے باوجود ہدف تک نہ پہنچ سکی اور آخری گیند پر 175 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جب آسٹریلوی اننگز شروع ہوئی تو آف سپنر ذوالفقار بابر نے پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کو آؤٹ کر دیا۔تاہم اس کے بعد میکسویل اور فنچ نے وکٹ کے چاروں
جانب دلکش سٹروک کھیلے اور 118 رنز کی شراکت قائم کی۔میکسویل نے صرف 32 گیندوں پر چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی، انھیں شاہد آفریدی نے آؤٹ کیا۔اس وکٹ کے بعد ہی پاکستانی ٹیم میچ میں واپس آئی اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی۔ شاہد آفریدی نے ہی آسٹریلوی کپتان جارج بیلی کو آؤٹ کر کے ٹیم کو چوتھی وکٹ دلوائی۔ عمر گل نے بریڈ ہوج کو سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ کروایا اور پھر کولٹر نائل کی وکٹ بھی حاصل کی۔سعید اجمل نے انتہائی اہم موقع پر شاندار بولنگ کرتے ہوئے اننگز کے 18ویں اوور میں نہ صرف 65 رنز بنانے والے ایرون فنچ کو آؤٹ کیا بلکہ صرف ایک رن دیا۔شیرِ بنگال نیشنل سٹیڈیم میں کامران اکمل اور احمد شہزاد نے پاکستانی اننگز شروع کی تو دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد کی وکٹ کی شکل میں پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جو بولنجر کی گیند پر انھی کو کیچ دے بیٹھے۔محمد حفیظ نے بولنجر کو تو دو گیندوں پر دو چوکے لگائے لیکن پانچویں اوور میں شین واٹسن کی گیند پر شاٹ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے، انھوں نے 13 رنز بنائے۔اس کے بعد اکمل برادران نے تیسری وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت قائم کی۔عمر اکمل نے چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس شراکت کا خاتمہ کولٹر نائل نے کامران اکمل کو 31 کے انفرادی سکور پر کیچ آؤٹ کروا کے کیا۔ صہیب مقصود آؤٹ ہونے والے چوتھے پاکستانی بلے باز تھے، وہ بھی نائل کی ہی وکٹ بنے۔اکمل برادران نے تیسری وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت قائم کی اس میچ کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔ پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے یہ میچ نہیں کھیلا اور ان کی جگہ سپنر ذوالفقار بابر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔آسٹریلیا کی ٹیم نے اس میچ سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنے سفر کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کا یہ دوسرا میچ تھا۔ جمعے کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو ہندوستان کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان اور آسٹریلیا ماضی میں 11 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مدِمقابل آ چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے سات اور آسٹریلیا نے چار میچ جیتے ہیں۔ پاکستان کو ان سات فتوحات میں سے ایک میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں ملی تھی۔دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ سری لنکا میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے دوران ہی کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں آمنے سامنے آئی تھیں اور اس میچ میں پاکستانی سپنرز نے آسٹریلوی بلے بازوں کو باندھ کر رکھ دیا تھا اور فتح پاکستان کی ہوئی تھی۔