میامی۔( یو این آئی) دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال ، دوسری سیڈ سربیا کے نووا جوکووچ اور خواتین میں نمبر ایک کھلاڑی امریکہ کی سیرینا ولیمز نے میامی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں ہفتہ کو اگلے دور میں داخل ہوگئے۔ نڈال نے آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ کو چھ۔ ایک ، چھ۔تین سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی ۔ نڈال نے اپنے کیریئر میں کل 62 خطاب جیتے ہیں جن میں 13 گرینڈ سلیم اور 25 ماسٹر کے خطاب شامل ہیں لیکن انہیں میامی میں اب تک کامیابی نہیں ملی ہے ۔ وہ تین بار اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں لیکن انہیں ہر بار مایوسی کا ہی سامنا کرنا پڑا ہے۔ دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی اور تین بار کے فاتح جوکووچ کو میدان میں اترے بغیر ہی چوتھے دور کا ٹکٹ مل گیا ۔ جوکووچ کو تیسرے دور میں ا سپین کے فل
وریئن میئر کے خلاف کھیلنا تھا لیکن وہ چوٹ کی وجہ سے میچ کھیلنے نہیں اترے اور جوکووچ کو واک اوور مل گیا ۔ تیسری سیڈ اور آسٹریلین اوپن چیمپئن سوئزرلینڈ کے اسٹینسلاس واورن ا کو دوسرے دور میں ا سپین کے ڈینیل گیمنو ٹریور کے خلاف چھ۔صفر، تین۔چھ اور چھ۔تین سے جیت درج کرنے کے لئے سخت محنت کرنی پڑی۔ ساتویں سیڈ چیک جمہوریہ کے ٹامس برڈچ نے فرانس کے اسٹیفن رابرٹ کو سات۔چھ، چھ۔ایک سے ہرایا۔ میزبان امریکہ کے جان اسنر نے اپنے ہم وطن ڈونالڈ ینگ کو چھ۔سات، چھ۔تین اور چھ ۔چار سے شکست دے کر اپنے ملک کا پرچم بلند رکھا ۔ اسنر کے علاوہ باقی تمام امریکی کھلاڑیوں کا چیلنج ختم ہو گیا ہے ۔ جیک ساک کو 12 ویں سیڈ کناڈا کے ملوس راون نے چھ۔چار، سات۔ چھ سے شکست دی جبکہ سیم کویری کوا سپین کے نکولس الماگرو نے چھ۔چار، چھ۔چار سے شکست دی ۔پچیس ویں سیڈ کروشیا کے مارن سلچ کو فرانس کے ایڈورڈ روجر بسلن نے چھ ۔دو ، سات ۔چھ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا جبکہ 13 ویں سیڈ جرمنی کے ٹامی اس کندھے پر سوجن کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے ہٹ گئے ۔ اسکے ہٹنے سے تائیوان کے لو ین سن کو تیسرے دور کا ٹکٹ مل گیا ۔ خواتین میں چھ بار کی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ سیرینا کو تیسرے دور میں فرانس کی کیرولن گارسیا کے خلاف چھ۔چار، چار۔چھ، چھ۔چار سے جیت درج کرنے کے لئے ڈھائی گھنٹے سے زیادہ وقت تک محنت کرنی پڑی۔گارسیا نے 17 بار کی گرینڈ سلیم فاتح سیرینا کو سخت چیلنج دیا۔ اس دوران سیرینا کی سروس بھی اچھی نہیں رہی اور انہوں نے سات ڈبل فالٹ بھی کئے ۔ چوتھی سیڈ اور پانچ بار کی رنر اپ روس کی ماریا شاراپووا کو بھی 26 ویں سیڈ چیک جمہوریہ کی لوسی سفارووا پر چھ۔چار، چھ۔سات، چھ۔ دو سے جیت درج کرنے کے لئے سخت محنت کرنی پڑی ۔ پانچویں سیڈ جرمنی کی انگلک کربر اور 12 ویں سیڈ سربیا کی اناایونووچ بھی اگلے راونڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ایوانووچ نے اٹلی کی فلوویا پنیٹا کو چھ۔چار، چھ۔تین سے ہرایا ۔