لکھنؤ (نامہ نگار)کاکوری علاقہ میں گزشتہ ۱۹؍مارچ کو لوٹ کے دوران ایک کپڑا کاروباری کو گولی مار نے والے دوبدمعاشوں کو پولس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولس نے ان کے قبضہ سے کاروباری کی بیوی کی لوٹی گئی پازیب ،نقد رقم اور ایک طمنچہ بھی برآمد کیا۔ کاروباری نے ایک لٹیرے کو شناخت کرلیاتھا۔ جس کے سبب لٹیرے نے کاروباری کو گولی ماردی تھی۔ ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ سروجنی نگر کے منشی کھیڑا کے باشندے شیوکمار کے قتل کے معاملے میں پولس نے مخبر کی اطلاع ملنے کے بعد نارائن پور روڈ تراہے کے قریب سے دو بدمعاشوں کو تصادم کے دوران گرفتار کرلیاتھا۔ پولس نے تلاشی کے دوران ان کے قبضہ سے ایک پازیب، نقد رقم اور تین سو پندرہ بور کا طمنچہ برآمد کیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران بدمعاشوں نے اپنا نام بنتھرا کا باشندہ کپتان سنگھ اور کاکوری کا باشندہ مہندر سنگھ بتایا۔پوچھ گچھ کے دوران بدمعاشوں نے بتایا کہ وہ دونوں گزشتہ ۱۹؍مارچ کو موٹر سائیکل سے اپنی بیوی کے ساتھ جارہے تھے۔اسی دوران لوٹ کی واردات انجام دینے کے بعد انہوں نے گولی مارنے اور قتل کرنے کا جرم قبول کرلیا۔ ملزم کپتان سنگھ کے خلاف بنتھرا ور آشیانہ میں دس مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم مہندر کے خلاف آشیانہ تھانہ میں ایک مقدمہ درج ہے۔
ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ واردات کے وقت شیوکمار یادو نے لٹیرے مہندر کو شناخت کرلیاتھا۔اس بات پر مہندر نے شیوکمار کو گولی ماردی۔
ایس پی نے بتایا کہ واردات کے وقت دونوں لٹیرے شراب کی دکان پر شراب پی رہے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار شیو کمار اور اس کی بیوی کنتی دونوں کو انہوں نے دیکھا اور ان کا پیچھا کیا۔کٹینگراپل کے قریب انہیں روکا اور لوٹ کی واردات انجام دی۔ واردات کی چشم دید کنتی نے بھی دونوں لٹیروں کو شناخت کرلیاہے۔ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ کپتان سنگھ اور مہندر سنگھ کی حرکتوں سے پریشان گھروالوں نے ان سے تعلق ختم کردیا تھا۔ جس کے بعد دونوں سکرا گاؤں میں مقیم تھے۔
ان کے کھانے پینے اور اسلحہ کا بندوبست دو افراد کیا کرتے تھے۔ پولس نے مذکورہ دونوں افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دونوں کے خلاف قتل کی سازش میں شامل ہونے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ تحفظ دینے والے دونوں ملزمین کے بارے میں معلوم کیا جارہاہے کہ ان کے پاس اسلحہ اور کارتوس کہاں سے آئے۔ پولس کے لئے یہ بات معلوم کرنا بہت اہم ہے۔