نئی دہلی، 8 مارچ (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے منگل کو عالمی یوم خواتینپر ہم وطنوں کو مبارکباددی اور نیک خواہشات پیش کیں۔
مسٹر کووند نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ’’عالمی یوم خواتین کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو میری دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ ہمارے ملک کی خواتین کئی شعبوں میں کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’آئیے ہم سب اس دن اجتماعی عزم کریں کہ خواتین اور مردوں کے درمیان عدم مساوات کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔‘‘
مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ’’یوم خواتین پر میں ملک کی نسوانی قوت اور مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کو سلام کرتا ہوں۔ حکومت ہند اپنی مختلف اسکیموں کے ذریعے وقار اور مواقع پر زور دیتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرتی رہے گی۔مالی شمولیت سے لے کر سماجی تحفظ تک، معیاری صحت کی دیکھ بھال سے لے کر رہائش تک، تعلیم سے لے کر کاروبار تک، ہماری خواتین کی طاقت کو ہندوستان کی ترقی کے سفر میں سب سے آگے رکھنے کے لیے مختلف کوششیں کی گئی ہیں۔ یہ کوششیں آنے والے وقتوں میں اور بھی زیادہ جوش و خروش کے ساتھ جاری رہیں گی۔‘‘
اپنے پیغام میں مسٹر نائیڈو نے کہا ’’آئیے ہم اجتماعی طور پر اس دن ایک صنفی غیر جانبدار دنیا بنانے کی کوشش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ خواتین کے ساتھ کسی بھی شکل میں امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ آئیے ، خواتین کو ان کے وقار کو برقرار رکھنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کا عہد کریں۔
مسٹر شاہ نے کہاکہ عالمی یوم خواتین پر، بہادری اور شجاعت کی پیکر خواتین کی طاقت کو سلام۔ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر انسانی ترقی ادھوری ہے۔ مودی حکومت نسوانی قوت کو مضبوط بنا کر ان میں نیا اعتماد پیدا کر رہی ہے۔ ملک کو ہر میدان میں ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
اپنے پیغام میں مسٹر گاندھی نے کہاکہ خواتین اپنی ذہانت، لگن اور طاقت کے ساتھ معاشرے کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہیں ان کے طویل عرصے سے زیر التوا حقوق ملنے چاہئیں۔ سب کو یوم خواتین مبارک ہو۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ دن ہر سال خواتین کی سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوںکا جشن منانے کے لیے’یوم خواتین‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن خواتین کی مساوات کو تیز کرنے کے لیے عمل درآمد کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔صدر آج 2020 اور 2021 کے لیے’نسوانی قوت‘ ایوارڈ پیش کریں گے۔ سال 2020 کے لیے ایوارڈ کی تقریب 2021 میں کووڈ وباکی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکی تھی۔