نئی دہلی، 10 مارچ ؛ عام آدمی پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت درج کرکے قومی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے اور محض ایک دہائی کے اندر پارٹی دہلی کے بعد پنجاب میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے تازہ ترین رجحانات کے مطابق،آپ ریاست کی کل 117 سیٹوں میں سے 90 پر آگے ہے، جب کہ حکمراں کانگریس پارٹی ریاست میں 18 سیٹوں پر آگے ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی دو، شرومنی اکالی دل چھ اور ایک اسمبلی حلقے میں آزاد امیدوار آگے ہے۔
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ریاست کے لوگوں کو پارٹی کے پنجاب میں زبردست جیت کی جانب گامزن ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے پنجاب میں پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے چہرے بھگونت مان کے ساتھ اپنی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’پنجاب کے لوگوں کو اس انقلاب کے لیے بہت بہت مبارک ہو‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے دہلی حکومت کے ’کیجریوال ماڈل‘ کو قبول کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی انتخابات کے ابتدائی رجحانات کا جواب دیتے ہوئے مسٹر سسودیا نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے حکمرانی کے’کجریوال ماڈل‘ کو ایک موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’آج یہ ماڈل قومی سطح پر قائم ہو چکا ہے۔ یہ عام آدمی کی جیت ہے‘‘۔
پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے ریاستی اسمبلی میں بھاری اکثریت حاصل کرنے پر عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو ایک ٹویٹ میں مسٹر سدھو نے کہا کہ عوام کی مرضی خدا کی مرضی ہے۔ عوام کا مینڈیٹ دل سے قبول ہے۔ انہوں نے کہا ’’لوگوں کی آواز خدا کی آواز ہے۔ پنجاب کا مینڈیٹ عاجزی سے قبول ہے۔ آپ کو مبارک ہو‘‘۔