بھوپال، 15 مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آج کہا کہ بھوپال سے گرفتار چار مشتبہ افراد کے معاملے میں مزید دو لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نروتم مشرا نے اسمبلی کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ معاملہ بہت سنگین ہے۔ مزید دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ گرفتار مشتبہ افراد سے جہادی لٹریچر، مشکوک دستاویزات اور الیکٹرانک آلات برآمد ہوئے ہیں۔ چار میں سے تین نے بنگلہ دیش کا باشندہ ہونا قبول کر لیا ہے۔ اس بارے میں مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ کون کتنے عرصے سے یہاں پر مقیم تھا۔ سب لوگوں سے الگ الگ پوچھ گچھ کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے، مدھیہ پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے دو دن قبل بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی ممنوعہ دہشت گرد تنظیم جماعت المجاہدین (جے ایم بی) کے چار ارکان کو یہاں سے گرفتار کیا تھا۔ گرفتار مشتبہ دہشت گردوں میں فظہر علی، محمد عقیل، ظہور الدین عرف ابراہیم اور فظہر زین الحق شامل ہے۔ ان کے قبضے سے جہادی لٹریچر، الیکٹرانک آلات اور مشتبہ دستاویزات برآمد کیے گئے ہیں۔