ول اسمتھ 1986 سے اداکاری کررہے ہیں اور اب جاکر وہ پہلی بار دنیائے فلم کا سب سے بڑا آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
94 ویں آسکر ایوارڈز میں ول اسمتھ نے فلم کنگ رچرڈ کا مرکزی کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
مگر ان کی زندگی کا سب سے بڑا موقع اس وقت متنازع ہوگیا جب انہوں نے اسٹیج پر جاکر کامیڈین کرس راک کو تھپڑ دے مارا۔
کرس راک اسٹیج پر بہترین ڈاکومینٹری کا ایوارڈ دینے کے لیے آئے تھے اور وہاں جاکر تقریب میں موجود افراد پر بات کرنے لگے۔
اداکار ڈینیزل واشنگٹن کے بارے میں مذاق کرنے کے بعد کرس راک کی توجہ جیڈا پنکٹ اسمتھ پر گئی اور انہوں نے ان کے بالوں کے حوالے سے مذاق کیا۔
دسمبر 2021 میں جیڈا اسمتھ نے بتایا تھا کہ وہ ایک بیماری کے باعث بالوں کے جھڑنے کا سامنا کررہی ہیں اور کچھ مقامات پر گنج پن کے آثار نمایاں ہوچکے ہیں۔
کرس راک کے مذاق پر جیڈا اسمتھ نے اپنی آنکھیں گھمالی جبکہ ول اسمتھ اسٹیج پر گئے اور کامیڈین کو تھپڑ دے مارا۔
اس موقع پر امریکا میں آسکر ٹیلی کاسٹ کو میوٹ کیا گیا مگر جاپان اور دیگر ممالک میں یہ منظر نشر ہوا۔
اس صورتحال میں سکتے کا شکار ہونے والے کرس راک نے کہا ‘ول اسمتھ نے ابھی مجھے مارا’۔
اس پر ول اسمتھ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ‘میری بیوی کا نام اپنے منہ سے دور رکھو’، انہوں نے جملہ ایک بار پھر دہرایا۔
بعد ازاں ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈ جیتنے کے بعد اپنی تقریر میں اکیڈمی اور دیگر نامزد افراد سے اپنے رویے پر معذرت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کے لیے کھڑے ہوئے ‘میں اکیڈمی سے معذرت کرتا ہوں، میں دیگر تمام نامزد افراد سے معذرت کرتا ہوں، جیسا میری فلم کے بارے میں بارے کہا گیا کہ میں اس میں دیوانہ باپ نظر آیا، مگر محبت آپ سے عجیب چیزیں کروا دیتی ہے’۔
ول اسمتھ کے تھپڑ نے تقریب میں موجود افراد کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی دنگ کردیا۔
اس کے چند منٹ بعد یہ لمحہ وائرل ہوگیا جبکہ ونیٹی فیئر کی رپورٹر ربیکا فورڈ نے بتایا کہ ڈینیزل واشنگٹن نے اس موقع پر ثالث کا کردار ادا کرکے جذباتی ول اسمتھ کو ٹھنڈا کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کرس راک کی جانب سے آسکر ایوارڈ میں اس جوڑے کو مذاق کا نشانہ بنایا گیا ہو۔
2016 کے آسکر ایوارڈ میں کرس راک میزبان تھے اور انہوں نے جیڈا اسمتھ کے حوالے سے مذاق بھی کیا تھا۔
ول اسمتھ کے تھپڑ پر لاس اینجلس پولیس نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں 2 افراد کے درمیان ہونے والے واقعے سے واقف ہیں، مگر دونوں فریقین نے پولیس رپورٹ درج کرانے سے انکار کیا ہے۔