میرپور۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے مصباح الحق کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹانے کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ تک مصباح ہی کپتان رہیں گے۔ وہ اچھی کپتانی کررہے ہیں۔ شاہد آفریدی اب میچور ضرور ہوئے ہیں لیکن انہیں کپتان بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔اتوار کو مقامی ہوٹل میں پاکستانی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ کپ تک مصباح ہی کپتانی کریں گے۔ وہ بیٹنگ میں بھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔ مصباح کو اس وقت تبدیل کرنے کا کوئی جوا زنہیں ہے۔شاہد آفریدی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایک انٹرویو میں جب مجھ سے پوچھا گیا تھا تو
میں نے کہا تھا کہ وہ بیٹنگ فارم میں نہیں ہیں۔ اس وقت شاہد آفریدی میچور ہوچکے ہیں۔ ماضی میں وہ جذباتی باتیں کرتے تھے۔نئی تبدیلی اچھی ہے لیکن انہیں کپتان بنانے اور مصباح کو ہٹانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد کوچز کے معاہدوں کا جائزہ لیں گے۔وہیںدوسری جانب پاکستان کے مایہ ناز آل رائونڈر شاہد آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ میں 500 وکٹیں مکمل کرلیں۔ شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ میچز میں 48 ون ڈے میں 378 اورٹی ٹونٹی میں 75 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ اس طرح شاہد آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ میں وکٹوں کی پانچویں سنچری مکمل کر لی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے آسٹریلیا کے خلاف بیس اوور کے چھوٹے فارمیٹ کے بڑے میچ کے بارہویں اوور کی چوتھی گیند جس پر شاہد آفریدی نے قومی شاہینوں کے لیے بلا بننے والے میکس ویل کو فیل کر دیا۔ بوم بوم آفریدی نے آسٹریلوی بلے باز کو 74 رنز پر چلتا کیا۔ یہ گیند شاہد آفریدی کے لیے دو وجہ سے یادگار بنی۔ میکسویل کی وکٹ صرف میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ہی نہیں بلکہ شاہد آفریدی کی بین الاقوامی کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد کو پانچ سو تک پہنچانے کا سبب بھی بنی۔ چونتیس سالہ شاہد آفریدی کی ٹیسٹ میچوں میں اڑتالیس، ون ڈیز میں تین سو اٹھہتر جبکہ اب ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ان کے شکاروں کی تعداد 75 ہو گئی ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف اہم ترین میچ میں آفریدی کی بوم بوم بولنگ نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔