لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماجوادی پارٹی کے رہنما ملائم سنگھ یادو نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مودی پریشان ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ الیکشن کے درمیان وارانسی چھوڑ کر فرار ہو جائیں۔ سماج وادی نظریات کے مبلغ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے یوم پیدائش پر ڈاکٹر لوہیا پارک میں ان کے مجسمہ کی نقاب کشائی کرنے کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن میں تیسرے مورچہ کی پارٹیوں کو مکمل اکثریت حاصل ہوگی۔ مرکز میں اس مرتبہ تیسرے مورچہ کی حکومت بننا یقینی ہے۔ اس میں کسی طرح کا کوئی شک نہیں ہے۔ پارلیمانی الیکشن میں مختلف ریاستوں سے بڑی تعداد میں سیٹوں پر فتح حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مورچہ کی پارٹیاں الیکشن کے بعد اس پر غور کریں گی ۔ کامیابی کے بعد ہم سب ایک ہو ج
ائیں گے۔ نریندر مودی کے وارانسی سے انتخاب لڑنے کے سوال پر ملائم سنگھ نے کہا کہ یہ کون سی بڑی بات ہے مودی تو خود پریشان ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ انتخاب کے دوران ہی وارانسی چھوڑ کر چلے جائیں۔ اعظم گڑھ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے انتخاب لڑنے کے سوال پر ملائم سنگھ نے کہا کہ یہ پارٹی کا فیصلہ ہے اور پارٹی کے ہر فیصلہ کو تسلیم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سماج وادی پارٹی پارلیمانی انتخاب میں سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے گی اور انتخاب کے بعد ملک میں تیسرے مورچہ کی حکومت کی تشکیل ہوگی۔ سماج وادی پارٹی اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن میں اترپردیش میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کی سماج وادی حکومت نے عوامی مفاد میں بہت سے فیصلے کئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی تشکیل کے بعد بہت سے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کا ۱۰۴واں یوم پیدائش آج بہت سادگی سے منایا گیا۔ اس موقع پر ملائم سنگھ کے علاوہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، سینئر وزیر شیو پال سنگھ یادو اور لوہیاٹرسٹ کے نمائندوں نے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے مجسمہ پر کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر دیپک مشرا تحریر کردہ کتاب کا بھی رسم اجراء ہوا اور ڈاکٹر لوہیا کی تقریروں پر مبنی کیسٹ بھی جاری کی گئی۔