نئی دہلی، یکم اپریل (یو این آئی) مرکزی وزارت داخلہ نے شمال مشرقی ریاستوں ناگالینڈ اور اروناچل پردیش کے کچھ اضلاع کے علاقوں کو مسلح افواج کے خصوصی اختیارات قانون (افسپا) کے تحت چھ ماہ کے لیے بد امن علاقے اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے جمعہ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے کچھ اضلاع میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد، انہیں مسلح افواج کے خصوصی اختیارات ایکٹ 1958 کی دفعہ 3 کے تحت کو اگلے چھ ماہ کے لیے بد امن علاقہ اعلان کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، دیما پور، نیو لینڈ، چوموکیدیما، مون، کیفیر، نوکلاک، پھیک، پیرین، زونہیبوٹو اضلاع اور ناگالینڈ کے کوہیما ضلع کے کھوجاما، کوہیما شمالی، کوہیما جنوبی جوبازا اور کیجوچو کے علاقوں کو 6 ماہ کے لیے بد امن اعلان کیا ہے۔
اسی طرح اروناچل پردیش میں آسام سے متصل تراپ، چانگ لانگ، لنگڈنگ اور نامسائی ضلع کے کچھ علاقوں کو آج سے 30 ستمبر تک بد امن علاقہ قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے جمعرات کو ہی اعلان کیا تھا کہ ناگالینڈ، آسام اور منی پور کے کچھ علاقوں میں افسپا کے تحت بدامن علاقوں کا دائرہ کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔