لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ حضرت گنج پر جاپلنگ روڈ پر اتوار کی رات موٹر سائیکل سوار چار بدمعاشوں نے ٹھیکیدار سے نقد روپئے لوٹ لئے۔ ٹھیکیدار کی مخالفت کرنے پر بدمعاشوں نے اسے مارا پیٹا۔ اس کے شور مچانے پر بھی کوئی اس کی مدد کو نہیں آیا۔ پولس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ بازار کھالہ کے رہنے والے فخر الدین ٹھیکیدار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حضرت گنج کے جاپلنگ روڈ پر واقع سروتم اپارٹمنٹ کے پاس ان کا کام چل رہا ہے۔ اتوار کی شام کو وہ دیر رات سے موٹر سائیکل کے ذریعہ گھر واپس آرہے تھے۔ وہ جیسے ہی زیر تعمیر شالیمار اپارٹمنٹ کے سامنے سے گزرے اسلحہ سے لیس چار موٹر سائیکل سواروں نے انہیں روک لیا۔ یہ چاروں بدمعاش ان کا پرس چھیننے لگے۔ ٹھیکیدار نے جب اس کی مزاحمت کی تو اسے مارا پیٹا اور ان کا پرس چھین کر بالو اڈہ کی طرف فرار ہو گئے۔ واقعہ کے
بعد ٹھیکیدار نے مدد کیلئے شور مچایا لیکن کوئی ان کی مدد کونہ آیا۔ ٹھیکیدار کے پرس میں بارہ ہزار روپئے نقد، دو چیک اور ایک اے ٹی ایم کارڈ رکھا تھا۔ واردات کی اطلاع پاکر حضرت گنج پولس نے بدمعاشوں کو تلاش کیا مگر ان کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔ حضرت گنج پولس کا کہنا ہے کہ معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ پولس کی کوشش ہے کہ وہ واردات کی جگہ کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمرے سے بدمعاشوں کے فوٹو فراہم کرے گی۔