مقبوضہ بیت المقدس ؛غرب اردن کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 2فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے، جب کہ 3زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ یہ فوجی کارروائی جنین کے ایک مہاجر کیمپ میں کی گئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مرنے والے فلسطینیوں کی عمریں 17اور 33برس تھیں۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فورسزنے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی مہاجرکیمپ پردھاوا بولا اور نہتے افراد پر فائرنگ شروع کردی۔ اسرائیلی فوجیوں نے دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کرتوڑپھوڑ کی اورکئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا۔
اسرائیلی فوج نے یہ کارروائی حالیہ حملوں کے ردعمل میں کی، جن میں اسرائیل کے مختلف حصوں میں 11اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔بنی براک شہر میں حالیہ واقعے کے بعد سے 200 فلسطینیوں کو پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اسرائیل نے مغربی کنارے کے اطراف فوج کے اضافی یونٹ تعینات کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ پولیس ہائی الرٹ ہے۔ ادھر فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش دنیا چند یہود کی ہلاکتوں پر واویلا کررہی ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن نے بھی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔